وفاقی کابینہ کا اجلاس، ایجنڈا معطل کر کے سانحہ دیامر پر غور

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی کابینہ کے اجلاس میں معمول کا ایجنڈا معطل کر کے دیامر واقعے پر بات کی گئی۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی پر بھی تنقید کی گئی۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صدارت میں ہوا۔ کابینہ نے معمول کا ایجنڈا منسوخ کرکے دیامر واقعے پر تفصیلی غور کیا۔

ارکان نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی کو ناقص قرار دیا۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ سیاحتی مقامات سمیت تمام اہم جگہوں پر پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھاکہ پولیس کی جدید طرز پر تربیت ہونی چاہیے۔

وزیراعظم نے وزیر داخلہ چودھری نثار کو دیامر واقعے کی تحقیقات وسیع کرنے کی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھاکہ خفیہ ادارے معلومات کے بروقت تبادلے کو یقینی بنائیں۔ نواز شریف نے تمام ممالک سے ان کے سیاحوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا۔