سندھ اسمبلی، ساجد قریشی کے قتل ،ٹیکس ڈیوٹی کے نفاذ کیخلاف قرار دادیں منظور

Sindh Assembly

Sindh Assembly

سندھ(جیوڈیسک) سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی رکن شرمیلا فاروقی کے خیبر پختون خوا حکومت اور مسلم لیگ ن کے انتخابی نشان پر تنقید کے بعد ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرتا رہا، اسمبلی نے رکن اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے بیٹے کے قتل کی مذمت،بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے اور وفاقی حکومت کی جانب سے سیلز ٹیکس کی مجوزہ ترمیم اور فیڈرل ایکسائز ٹیکس ڈیوٹی کے نفاذ کے خلاف قرار دادیں بھی منظور کیں۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکرآغا سراج درانی کی صدارت مین دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔ ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی ساجد قریشی اور دہشت گردی کے واقعات میں دیگر جاں بحق ہونے والوں کے ایصال ثواب کے لئے دعا کرائی گئی۔ ایوان نے ساجد قریشی اور ان کے بیٹے کے قتل کے خلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

ایوان نے بے نظیر بھٹو کی خدمات کر خراج عقیدت پیش کرنے کی قرار داد بھی متفقہ طور پر منظور کی۔ایوان میں بجٹ پر عام بحث شروع ہوئی تو پیپلز پارٹی کی رکن شرمیلا فاروقی نے خیبر پختون خوا حکومت اور مسلم لیگ ن کے انتخابی نشان پر تنقید کی جس پر اپوزیشن میں موجود تحریک انصاف اور مسلم لیگ کے ارکان نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور ایوان میں شور شرابہ شروع ہو گیا۔