لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی نے چارج سنبھال لیا ہے۔ دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے وہ آج پاکستان ٹیم کی منظوری دے سکتے ہیں۔ ٹیم میں متعدد تبدیلیوں کا امکان ہے۔نجم سیٹھی کو گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کا عبوری چیئرمین نامزد کیا گیا تھا۔آج انہوں نے پی سی بی ہیڈ کوارٹر پہنچ کر عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔
انہیں مختلف معاملات پر بریفنگ دی جا رہی ہے۔ امکان ہے کہ سلیکٹرز سے بریفنگ کے بعد دورہ ویسٹ انڈیز کے لیئے پاکستان کرکٹ ٹیم اور پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی منظوری دے سکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب ملک ، کامران اکمل اور عمران فرحت ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
احمد شہزاد، عمر اکمل شاہد آفریدی، حارث سہیل، عدنان اکمل یا محمد رضوان کی ٹیم میں شمولیت کے امکانات ہیں۔ یونس خان کی واپسی کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا ، مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی اجلاس میں بات کی جا ئے گی۔