لندن (جیوڈیسک) عمران فاروق قتل کیس میں لندن پولیس نے تحقیقات کا دائرہ جنوبی افریقہ، کینیڈا اور پاکستان تک بڑھا دیا ہے۔ برطانیہ میں مقیم اہم پاکستانی شخصیت سے بھی پوچھ گچھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم ان کی صحت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے معاملات تاخیر کا شکار ہیں۔ لندن پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں سیاسی محرکات ہیں۔
ڈاکٹرعمران فاروق کے بھاری رقوم کی برطانیہ منتقلی پر اپنے دوستوں سے اختلافات تھے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم پاکستانی شخصیت سے معلومات حاصل کرنے کے لئے منصوبہ بند ی کی جا رہی ہے۔ کیس میں ایک پاکستانی نژاد شخصیت کی گرفتاری کے بعد اس اہم شخصیت سے پوچھ گچھ جلد متوقع ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس میں پاکستان کی اہم شخصیت کا قریبی عزیز ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت بھی ملے ہیں۔ اسی عزیز کے گھر پر پولیس نے گزشتہ ہفتے چھاپہ مار کر 55 گھنٹے تک تلاشی لی تھی۔
ہیتھرو ایئرپورٹ سے گرفتار ہونے والے 52 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی شخص سے تفتیش کے دوران اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ گرفتار شخص کے موبائل فون سے پاکستان اور برطانیہ کے نمبر وں پر ہونے والی کالز کا بھی ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔
برطانوی پولیس نے پاکستانی نژاد 5 افراد کے برطانیہ چھوڑنے پر پابندی لگا دی ہے اور ان کی کڑی نگرانی کی جار ہی ہے۔ چند گھنٹوں میں مزید گرفتاریوں کی توقع ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی پولیس نے قتل کیس میں تحقیقات کا دائرہ جنوبی افریقہ، کینیڈا اور پاکستان تک بڑھا دیا ہے۔