ملک بھرمیں شب برات عقیدت و احترام سے منائی گئی

Shab e Barat

Shab e Barat

ملک بھرمیں شب برات مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت اور احترام سے منائی گئی، مساجد میں وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام اور امت مسلمہ کی سربلندی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں اور دیہاتوں کی مساجد میں شب برات کی بابرکت رات کے حوالے سے ورد، ذکر اور نعت کی محافل کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ ملک کی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ سرکاری عمارات اور گھروں پر چراغاں کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے مساجد کے باہر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ لو گوں کی بڑی تعداد نے اپنے والدین اور عزیز و اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔ لاہور میں کئی مقامات پر حمد و نعت کی محفلیں بھی سجائی گئیں۔ جامع مسجد داتا دربار، منہاج القرآن، جامع اشرفیہ، جامعہ نعیمہ، بادشاہی مسجد سمیت درجنوں مقامات پر بڑے اجتماعات ہوئے۔ سب سے بڑا اجتماع جامع مسجد داتا دربار پر ہوا۔ شہر قائد کراچی میں بھی شب برات بھر پور طریقے سے منائی گئی۔

شہر بھر کی مساجد میں شب بیداری، نوافل، درود شریف اور خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا۔ عوام کی بڑی تعداد نے قبرستانوں میں جاکر اپنے پیاروں کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر بھی لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے باسی بھی رات بھر شب برات کی بابرکت ساعتوں کو سمیٹنے میں لگے رہے۔