راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے قتل کیس کا چالان جمع، پرویز مشرف کو ملزم قرار دیدیا گیا۔ راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے قتل کیس کا چالان جمع کروا دیا گیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے جمع کروائے گئے چالان میں پرویز مشرف کو ملزم قرار دیدیا گیا ہے۔
عدالت میں جمع کروائے گئے چالان میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے قتل میں ملوث ہیں۔ امریکی صحافی مارک سیگل کے بیان کی روشنی میں پرویز مشرف کو ملزم قرار دیا گیا ہے۔
بینظیر قتل کیس میں مشرف کے خلاف انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کی گئی چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ دوران تفتیش سابق صدر مشرف اپنی بے گناہی سے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ عدالت نے آئندہ سماعت میں پرویز مشرف کو پیش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی۔