قومی اسمبلی میں اپوزیشن،اتحادی جماعتوں کی مشرف کیخلاف آرٹیکل چھ کی حمایت

National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومت کی اتحادی جماعتوں نے بھی پرویز مشرف کیخلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کی حمایت کر دی۔ قومی اسمبلی میں پرویز مشرف کیخلاف غداری کے تحت مقدمہ چلانے پر اپوزیشن جماعتیں متفق نظر آئیں، اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ کسی کو جرات نہیں ہونی چاہئے کہ پاکستان کے دستور کو کاغذ کا ٹکرا کہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن ڈکٹیٹروں نے دستور کو توڑا انہیں عوام نے مسترد کر دیا ہے۔

تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف دستور کی بالا دستی پر یقین رکھتی ہے۔نواز شریف نے مشرف کے بارے میں درست فیصلہ کیا۔ پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے رہنما محمود اچکزی نے کہا کہ ہر ادارہ اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرے۔ عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید نے اس اقدام کی مخالفت کی،ان کا کہنا تھا کہ قوم کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔

پنڈورا بکس نہ کھولا جائے اگر کھلا تو بات 12 اکتوبر تک جائیگی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے عبدالو سیم کا کہنا تھا کہ ان تمام ڈکٹیٹروں کا احتساب ہونا چاہئے جو ملک پر شب خون مارتے رہے، مسلم لیگ ضیا کے اعجاز الحق نے کہا کہ جمہوریت ہی ملک کے لیے بہترین راستہ ہے۔