مشرف کے خلاف کارراوائی سے پنڈورا بکس کھل جائے گا، مولانا فضل الرحمن

Maulana Fazlur Rehman

Maulana Fazlur Rehman

پشاور (جیوڈیسک) مولانا فضل الرحمن کہتے ہیں کہ جنرل مشرف کے خلاف کارراوائی سے پنڈورا بکس کھل جائے گا۔ پشاور میں جے یو آئی کے امیر سے ملاقات کے لیے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی پرویز خٹک بھی جے یو آئی کے مرکز پہنچ گئے۔ وزیراعلی پرویز خٹک کچھ دیر مولانا فضل الرحمن کے ساتھ رہے اور ذرائع سے کوئی بات کیے بغیر چلے گئے۔

مولانا فضل الرحمن نے ذرائع سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ خیر سگالی ملاقات تھی جس کا کوئی ایجنڈا نہیں تھا۔ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم نے سوچ سمجھ کر ہی جنرل مشرف کے بارے میں فیصلہ کیا ہو گا تاہم یہ سوال اپنی جگہ ہے کہ کیا جنرل مشرف اکیلے ذمہ دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کا حکومت میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکا نے مذاکرات کے لیے شرائط عائد کی ہیں تاہم اسے اعتماد سازی کے لیے اقدامات کرنے چاہیئں۔ فاٹا میں ہر حال میں امن چاہتے ہیں۔غیر ملکی سیاحوں کے قتل کے حوالے سے جے یو آئی کے امیر نے کہا کہ شریعت مہمانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتی۔