قومی ایئرلائن کے دو طیارے خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے

Plane

Plane

قومی ایئرلائن کے دو طیارے لاہور ایئرپورٹ پرخوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے۔ طیارے کے کپتانوں نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیاروں کو لاہور ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا، تمام مسافر محفوظ رہے۔

پی آئی اے کی پرواز پی کے206 کویت سے لاہور آرہی تھی لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل طیارے کے انجن نمبر ایک سے پرندہ ٹکرا گیا جس کے باعث انجن کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ طیارے میں سو سے زائد مسافر سوار تھے۔

دوسری جانب دمام سے آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے248کے بوئنگ777 طیارے سے لینڈنگ کے دوران پرندہ ٹکرا گیا۔ طیارے میں ڈیڑھ سو سے زائد مسافر سوار تھے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پرندہ ٹکرانے کے باعث کپتان نے کنٹرول ٹاور کو مکمل طور پر ایمرجنسی ڈکلیئر کرتے ہوئے رن وے کو خالی کرنے کی ہدایت کی تاہم انتہائی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتانوں نے اپنے اپنے طیاروں کو بحفاظت اتارا لیا۔

قومی ایئرلائن کے دونوں طیاروں کو پرندہ سے ٹکرانے کے باعث نقصان پہنچا جس کے باعث طیاروں کو لاہور ایئرپورٹ پر گراونڈ کرنا پڑا۔ لاہور ایئرپورٹ پر پرندے ٹکرانے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ایئرپورٹ کے اطراف پرندوں کی موجودگی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کو مختلف ایئرلائنز کی جانب سے شکایات کی گئی ہیں تاہم سی اے اے انتظامیہ کی جانب سے پرندوں کے خاتمے کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔