دہشت گردوں سے کسی قسم کی بھی رعایت ملک کے ساتھ خیانت شمار ہو گی سربراہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان
Posted on June 25, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دیامر میں غیر ملکی سیاح و بے گناہ افراد پر دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک کو آہستہ آہستہ تنہائی کا شکار کر کے تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم پر حملے سے لے کر اہم شخصیات و اداروں پر حملہ اور پھر اب سیاحوں پر حملہ تک ان افراد کو سوچنا چاہیے۔
جو مذاکرات کی بات کرتے ہیں اور رعایت دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج تک دہشت گردوں کے خلاف موثر قومی اتفاق رائے کا فقدان ہی ہے جو دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو پورا کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔ دہشت گردوں سے کسی بھی قسم کی رعایت ملک کے ساتھ خیانت اور غداری شمار ہو گی۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ ان لوگوں کو سوچنا ہو گا کہ وہ کب تک اپنی خاموشی یا نرم گوشہ سے قومی اتفاق رائے کے آگے رکاوٹ بنتے رہیں گے۔ انہوں نے پاک آرمی سے مطالبہ کیا کہ وہ دیامر سمیت شاہراہ رشیم پر بدامنی اور دہشت گردی میں ملوث افراد کے خلاف موثر آپریشن کرے۔