پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنے کی حمایت کر دی، اراکین کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف نے جو اقدامات کئے ہیں ان پر ان کا احتساب ضرور ہونا چاہئے۔
وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف پر آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلانے کے فیصلے پر اپوزیشن اور حکومتی اراکین متفق نظر آ رہے ہیں،کچھ ایسی ہی صورتحال خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی ہے جس کے اراکین کا کہنا ہے کہ قانون تو قانون ہوتا ہے جو سب کیلئے برابر ہونا چاہئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی بھی مسلم لیگ ن سے تمام تر اختلافات کے باوجود اس مسئلے پر ان سے متفق ہیں۔اے این پی نے بھی سابق صدر مشرف پر قانون کے تحت مقدمہ چلائے جانے کی حمایت کی ہے۔قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے کا کہنا ہے کہ مشرف نے آئین توڑنے کے علاوہ اور اقدامات بھی کئے ہیں اورسب پرسزا ملنی چاہئے۔