لاہور (جیوڈیسک) ہائی کورٹ نے تحقیقاتی کمیشن کو خسرے پر بروقت قابو نہ پانے کے ذمہ داروں کے تعین کا حکم دیدیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی۔ تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر ظفر اقبال نے عدالت کو بتایا کہ انکوائری جاری ہے اور لوگوں کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں۔
تحقیقات مکمل کرنے کے لیے مزید چند روز کا وقت دیا جائے۔ ڈی جی ہیلتھ نے عدالت کو بتایا کہ خسرے پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بچوں کی اموات دل ہلا دینے والے واقعات ہیں کسی بھی افسر کی کوتاہی سامنے آئی تو اسے معافی نہیں ملے گی۔ عدالت نے کمیشن کو دس جولائی تک تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔