وڈوز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا بیوہ خواتین کے اعزاز میں استقبالیہ، معزز شخصیات کی شرکت
Posted on June 26, 2013 By Tahir Webmaster کراچی
کراچی : وڈوز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے بیوہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تعاون سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی حاجی عبدالرؤف یعقوب نے بیوہ خواتین کو خود کفالت کی جانب گامزن کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
صدر محفل ڈاکٹر فاروق ستار نے پاکستان میں پہلی بار بیوہ خواتین کا عالمی دن منانے کو بیوہ خواتین کے مسائل کے حل کی جانب مثبت پیشرفت اور اہم سنگ میل قرار دیا جبکہ بیگم سلمیٰ وحید مراد، فاطمہ ثریا بجیا، صالحہ حمید، عبدالمجید ابدانی، اسجد بخاری و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے وڈوز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر وڈوز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن تسنیم فرزانہ, صدر کوثر علی خان بنگش, نائب صدر صائمہ خان اور جنرل سیکریٹری ثمر سلطانہ نے وڈوز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے قیام کی وجوہات، خدمات اور مستقبل کے منصوبہ جات پر روشنی ڈالی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ بیوہ خواتین کے حوالے سے مؤثر قانون سازی کرتے ہوئے انہیں بلا سودی کاروباری قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
کاروبارو ملازمت کرنے والی بیوہ خواتین کو ٹیکس چھوٹ بھی دی جائے جبکہ بیوہ خواتین کے بچوں کیلئے نجی و سرکاری درسگاہوں میں تعلیم اور ھسپتالوں میں صحت و ادویات کی سہولیات مفت قرار دی جائیں اور ہر سرکاری ادارے میں بیوہ خواتین کے بچوں کیلئے ملازمت کا کوٹہ مختص کیا جائے۔ اس موقع پر ممبر پارلیمان ڈاکٹر فاروق ستار نے یقین دلایا کہ وہ وڈوز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ان مطالبات و تجاویز کو اسمبلی قانون ساز اسمبلی تک پہنچائیں گے تاکہ بیوہ خواتین کی زندگی کے مصائب میں کمی کیلئے مؤثر قانون سازی و اقدامات کئے جا سکیں۔