کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے ممکن نہیں تو متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرکے توانائی بحران خاتمہ کیا جائے

کراچی : اراکین پنجاب اسمبلی کی جانب سے کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے کیلئے قومی کمیشن بنانے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن کے چیئرمین عمران چنگیزی، چیئرمین سماجی ونگ محمد رئیس، چیئرمین تعمیر نو ونگ ارشد انور، چیئرمین ہیلتھ ونگ ڈاکٹر سکندر شیخ مطرب، چیئر مین بزنس ونگ کاشف شیخ، چیئرمین سیاسی ونگ جمیل اقبال سید، چیئرمین یوتھ ونگ ادیب مشرقی، چیئرمین اقلیتی ونگ شری ہنس راجکمار، چیئرمین اسٹوڈنٹ ونگ محمد فیصل خان، چیئرمین وومین ونگ محترمہ شمع بانو و دیگر نے کہا ہے کہ توانائی بحران کی وجہ سے تباہ ملکی معیشت نے ہر گھر کو بھوک و افلاس کا شکار کردیا ہے۔

اگر جلد توانائی کا بحران حل نہیں کیا گیا تو ملک و قوم کا مستقبل برباد ہو جائے گا اسلئے اگر بجلی بحران کا حل کالا باغ ڈیم کا قیام ہے تو اس کیلئے تمام صوبوں کے تحفظات کا جلدسے جلد خاتمہ اور تمام ضمانتوں کی فراہمی کے ذریعے اتفاق رائے قائم کرکے کالا باغ ڈیم پر کام کا آغاز کیا جائے اور اگر کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے ممکن نہیں ہے۔

پھر بار بار اس کا قصہ دہرا کر ملکی وحدت و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے اور صوبائی و لسانی تعصبات کو ہوا دیکر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرنے کی بجائے توانائی کے حصول کے متبادل ذرائع کا استعمال کرکے بجلی بحران کو دور کیا جائے کیونکہ اگر بجلی بحران کا خاتمہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے مشروط کر کے صنعت و ذراعت اور تجارت و پیداوار کا پہیہ اسی طرح جام رکھنے کی سازش کی جاتی رہی تو ملک ہی نہیں بلکہ پاکستانی قوم کا مستقبل بھی اندھیروں میں ڈوب جائے گا۔