خیبر ایجنسی (جیوڈیسک) خیبر ایجنسی میں ایف سی نے آٹھ ارب روپے مالیت کی ہزاروں کلو گرام منشیات تلف کر دیں۔ جمرود کے علاقے شاہ کس میں ایف سی نے 33 ہزار کلو گرام چرس، 894 کلو گرام ہیروئن، 297 کلو گرام افیون جلا دی گئی جبکہ 1345 لٹر شراب بھی تلف کی گئی۔
اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل غیور محمود سمیت اعلی افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی ایف سی غیور محمود نے میڈیا کو بتایا کہ تلف کی جانے والی منشیات کی مالیت آٹھ ارب روپے کے قریب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں سے بھی اطلاع ملتی ہے۔
منشیات سمگلروں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ بندوبستی علاقوں کو منشیات کی سپلائی کو روکا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک متعدد سمگلروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور اس حوالے سے وادی تیراہ میں بھی کارروائی جاری ہے۔