مون سون کے موسم کا آغاز ہوتے ہی ٹی ایم اے سمیت مختلف محکمہ جات میدان میں آ گئے ہیں
Posted on June 26, 2013 By Noman Webmaster گجرات
گجرات : مون سون کے موسم کا آغاز ہوتے ہی ٹی ایم اے سمیت مختلف محکمہ جات میدان میں آ گئے ہیں، شہر کی مختلف شاہرائیں اور گلیاں ،سڑکیں توڑ پھوڑ کررکھ دی گئی ہیں، سرکاری محکمے اس طرح کام کر رہے ہیں کہ جیسے ملک میں تعمیروترقی کا دور شروع ہو چکا ہے۔
جبکہ حقیقت میں مالی سال 2012-13 کے خاتمہ سے قبل تمام تعمیراتی منصوبہ جات مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور حسب روایت عوام اور حکومت کوبے وقوف بنا کر یہ بتایا جارہا ہے کہ مون سون سے قبل ہی تمام محکمہ جات نکاسی آب کا نظام بہتر بنارہے ہیں، اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر اقدامات کر رہے ہیں۔
جبکہ ایسا کچھ بھی نہیں ،شہر میں توڑ پھوڑ اور تعمیروترقی کے نام پر جاری کاموں کی وجہ سے عام آدمی کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے، عوام کا کہنا ہے کہ حکومت اوراس کے اداروں کو موسم کے پیش نظر اقدامات کرنے کی بجائے بلاتاخیر اور دیرپا پروگرام کے تحت اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ شہر سے گندگی کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کا دیرینہ مسئلہ کوئی حکومت اور کوئی سرکاری محکمہ ختم کرنے میں کامیاب تو ہو جائے۔
جبکہ سرکاری محکموں کی جانب سے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر شہر بھر میں بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں ،سرکاری اداروں کی کارکردگی سے عوام خوش نہیں کیونکہ یہ سب کچھ کارروائی ڈالنے کے لیے کیا جا رہا ہے، گڈگورننس سرکاری اداروں میں کہیں بھی دیکھنے کو نہیں مل رہی۔