چکوال کی خبرین 26-6-2013
Posted on June 26, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
چکوال ٹریفک حادثات سمیت تین مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق اور سات افراد شدید زخمی ہو گئے۔چکوال راولپنڈی روڈ پر تیز رفتار ٹریلر نے سڑک کنارے کیری ڈبہ ٹھیک کرنے والے دو افراد کو ٹکر مارکر ہلاک کر دیا۔جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ڈھڈیال میں نعیم نامی جوگی سانپ کے کاٹنے سے جاں بحق ہو گیا۔جبکہ موٹروے پر تیز رفتار کار الٹنے سے میاں بیوی اور ان کے چار بچے شدید زخمی ہو گئے۔ذکی اور ساجد محمود ڈھاب موڑ کے قریب چکوال کی طرف آ رہے تھے کہ ان کا کیری ڈبہ خراب ہو گیا وہ سڑک کنارے گاڑی ٹھیک کر رہے تھے کہ پیچھے سے آنیوالا تیز رفتار ٹریلر ان کے اوپر چڑھ دوڑا۔ جس کی وجہ سے دونوں جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے ساتھ موجود تیسرا شخص شدید زخمی ہو گیا۔ دوسرے واقعہ میں ڈھڈیال میں نعیم نامی جوگی سانپوں کے ساتھ کھیل رہا تھا کہ اسے سانپ نے ڈس لیا۔ تیسرے واقعہ میں تیز رفتار کار موٹروے پر اس وقت الٹ گئی جب ڈرائیور نے بریک لگانے کی کوشش کی مگر بریک فیل ہو گئی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کے چار بچے شدید زخمی ہو گئے۔ ایف ڈبلیو او کی گاڑیوں کے ذریعے تمام زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال چکوال پہنچایا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قصبہ سرکال مائر کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری رفاقت کی رسم قل بدھ کے روز ادا کی گئی
چکوال قصبہ سرکال مائر کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری رفاقت کی رسم قل بدھ کے روز ادا کی گئی جس میں ضلع بھر سے معروف سیاسی و سماجی شخصیات اور عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔ مرحوم گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔چوہدری رفاقت چکوال کی معروف مذہبی شخصیت چوہدری احمد خان ڈھوک فیروز اور پیپلزپارٹی کے بانی رہنماچوہدری مہدی خان کے بھانجے اور
چوہدری قمر عباس مسقط والے کے بھائی تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چکوال سٹیزن فورم نے چھپڑ بازار میں ناجائز تجاوزات کے خلاف اپریشن کا خیر مقدم کیا ہے
چکوال سٹیزن فورم نے چھپڑ بازار میں ناجائز تجاوزات کے خلاف اپریشن کا خیر مقدم کیا ہے۔اور ٹی ایم اے چکوال سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال روڈ پر بھی آپریشن کلین اپ کے ذریعے ناجائز تجاوزات ختم کروائی جائیں۔ تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔نیز شہرمیں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔چکوال سٹیزن فورم کا اجلاس زیر صدارت قاضی عامر نوید چیئرمین منعقدہوا جس میں چھپڑ بازار چکوال میں ٹی ایم اے کی طرف سے ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ٹھیے اورریڑھیاں ہٹائے جانیکا خیر مقدم کیا گیا۔ عامر نوید قاضی نے اپنے خطاب میں مطالبہ کیا کہ ہسپتال روڈ پر بھی ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن ناگزیر ہو چکا ہے۔ جگہ جگہ ریڑھیاں کھڑی ہیں عام شخص گزر بھی نہیں سکتا۔ دوسری جانب مختلف نجی و سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ علاوہ ازیں کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام رہتی ہے۔ٹریفک پولیس اہلکار بھی موجود نہیں ہوتے۔اس بھیڑ میں کئی مریض طبی امداد ملنے سے پہلے ہی دم توڑ جاتے ہیں جبکہ شہر میں سٹریٹ لائٹس کئی ماہ سے خراب پڑی ہیں صفائی کی صورتحال بھی انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر کلرکہار جھیل کی حفاظت اور قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی
چکوال چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر کلرکہار جھیل کی حفاظت اور قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو کہ تحصیل کی خوبصورتی اور جھیل کے اطراف میں ناجائز تجاوزات نہ ہو سکے۔ یہ بات ڈی سی او چکوال یاور حسین نے کلرکہار جھیل کی خوبصورتی اور میوزیم بلڈنگ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر کلرکہار سبطین عابد کاظمی، سب ڈویژنل آرکیالوجی عمران زاہد، اسسٹنٹ انجینئر آرکیالوجی عامر شہزاد، ڈپٹی منیجر ٹی ڈی سی پی سید سجاد حسین سب انجینئر بلڈنگ چکوال سعید احمد نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر کلرکہار نے بتایا کہ کمیٹی کی تشکیل کے بعد میں کوئی تجاوزات نہیں ہوئی اور جو ناجائز تجاوزات تھی ان کو ہٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھیل میں موجود گھاس ، نایاب آبی پرندوں کی آماجگاہیں ہیں کو ختم کرنے سے جھیل کا قدرتی حسن ختم ہو جائے گا۔ اس موقع پر ڈی سی او چکوال نے محکمہ بلڈنگ کو میوزیم کی بلڈنگ کو تیس جون تک سرونٹ کوارٹرز کو مکمل کر کے محکمہ آثار قدیمہ کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ تاکہ محکمہ آثار قدیمہ عوام الناس کے لیے میوزیم کو جلد از جلد ڈسپلے کر سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈی سی او چکوال یاور حسین نے آج سپورٹس کمپلیکس چکوال کا دورہ کیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چکوال خواجہ سیف الرحمن، ایس ڈی او پراونشل بلڈنگ چکوال جمیل ارشد، تحصیل سپورٹس آفیسر چکوال وحید احمد بھی موجود تھے
چکوال ڈی سی او چکوال یاور حسین نے آج سپورٹس کمپلیکس چکوال کا دورہ کیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چکوال خواجہ سیف الرحمن، ایس ڈی او پراونشل بلڈنگ چکوال جمیل ارشد، تحصیل سپورٹس آفیسر چکوال وحید احمد بھی موجود تھے۔ ڈی سی او نے محکمہ بلڈنگ کو جمنازیم عمارت محکمہ سپورٹ کے حوالے کرنے کی
ہدایت دی۔ اس موقع پر ایس ڈی او نے بتایا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق سات کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے جمنازیم کی عمارت کی اونچائی چار فٹ لمبائی ایک سو ساٹھ فٹ اور چوڑائی نوے فٹ ہے جمنازیم میں بیک وقت دو ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ علیحدہ فٹنس روم جم ،ڈریسنگ روم و دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں مکمل تیار ہے۔ ماسوائے سیفٹی گرل کے جو کہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے بقایا ہے اس موقع پر ڈی او سپورٹس نے ڈی سی او چکوال کو بتایا کہ سپورٹس کمپلیکس اور جمنازیم کی دیکھ بھال کے لیے سٹاف کی بھرتی، کھیلوں کا سامان اور بجٹ فراہم کرنے کی اپیل کی تاکہ یوتھ کے اثاثہ جات کی حفاظت و نگہداشت کی جاسکے۔ جس پر ڈی سی او نے ڈی او سپورٹس کو پی سی ون کے ساتھ محکمہ کی ڈیمانڈ کی تفصیلی رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع چکوال کی تمام سپورٹس ایسوسی ایشن کے ساتھ اگلے ہفتے میٹنگ بلائی جائے تاکہ سپورٹس اسٹیڈیم کی بہتری کے لیے مزید اقدامات اٹھائے جا سکیںْ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محکمہ صحت چکوال کی طرف سے 34کنال اراضی کی رقم مالک کو ادا نہ کرنے پر عدالت نے 32گاڑیوں کی قرقی کے احکامات جاری کیے
چکوال محکمہ صحت چکوال کی طرف سے 34کنال اراضی کی رقم مالک کو ادا نہ کرنے پر عدالت نے 32گاڑیوں کی قرقی کے احکامات جاری کیے ہیں۔تاکہ انہیں نیلام کر کے گروی دار کو ادائیگی کی جا سکے۔اوڈھروال کے رہائشی غلام حسین نے محکمہ صحت کے خلاف دعویٰ دائر کررکھا تھا کہ اس کی34کنال اراضی محکمہ صحت نے اس کی اجازت کے بغیر نہ صرف قبضہ میں لی بلکہ اس پر عمارتیں بھی تعمیر کر ڈالیں۔ سینئر سول جج چکوال نے مدعی غلام حسین کے حق میں فیصلہ دیا اور محکمہ صحت کو احکامات جاری کیے تھے کہ وہ متاثرہ شخص کو رقم کی ادائیگی یقینی بنائیں مگر محکمہ صحت نے احکامات پر عمل نہ کیا جس پر سینئر سول جج لیاقت علی رانجھا نے محکمہ صحت
کے نام 32گاڑیوں کو قرق کرنے کے احکامات جاری کیے۔