لاہور(جیوڈیسک) وکلا نے جسٹس مقبول باقر پر حملے کے خلاف لاہور کی ماتحت عدالتوں کا بھی بائیکاٹ کیا، بیس ہزار مقدمات بغیر کارروائی کے ملتوی کر دئیے گئے۔
پاکستان بار کونسل کی جانب سے جسٹس مقبول باقر پر حملہ کے خلاف ملک بھر کے وکلا سے اپیل کی گئی تھی کہ عدالتوں کا بائیکاٹ کر کے مکمل ہڑتال کی جائے،اسی حوالے سے لاہور میں وکلا نے سیشن کورٹ، ضلع کچہری ، ماڈل ٹاون اور کینٹ کچہری سمیت تمام ماتحت عدالتوں میں عدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کر دیا۔
وکلا نے ملک میں امن وامان کی ناقص صورتحال کا ذمہ دار حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ٹہراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ججز، وکلا اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ عدالتوں میں وکلا کی ہڑتال کے باعث ججز اہم کیسز کی سماعت چیمبر میں بیٹھ کر کر رہے ہیں جبکہ مقدمات بغیر کاروائی کے ملتوی ہونے سے سائلین کو مشکلات کا سامنا رہا۔