کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس مشیر عالم نے کہا ہے قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر میں امن و امان قائم کرنے میں نا کام ہو گئے ہیں، سزائیں نہ ملنے کی وجہ سے دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی صدارت میں امن و امان سے متعلق اعلی سطح اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری سندھ، ایڈیشنل چیف سکریٹری برائے داخلہ،آئی جی سندھ پولیس، ڈی جی جی رینجرز، کمشنر کراچی اور ضلعی کمشنر اور دیگر افسران شریک ہوئے۔
چیف جسٹس مشیر عالم کا کہنا تھا قانون نافذ کرنے والے ادارے ناکام ہو چکے ہیں۔ پر اسیکیوٹر جنرل سندھ اور دیگر سرکاری وکلا اپنے پیشہ وارانہ فرائض احسن انداز میں ادا کریں تاکہ ملزموں کو عدالتوں سے سزا ہو سکے۔
چیف جسٹس نے حکومت سے بھی کہا کہ سزا یافتہ مجرموں کی سزاں پر فوری طور پر عمل درآمد کرایا جائے اور شہر کو غیر قانونی اسلحہ سے پاک کیا جائے۔انہوں نے سندھ ہائی کورٹ کے ماتحت عدلیہ اور انسداد دہشت گردی عدالتوں کے ججوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔