مشرف غداری کیس کیلئے چار رکنی کمیٹی قائم کردی، چوہدری نثار

Ch Nisar

Ch Nisar

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مشرف غداری کیس کیلئے چار رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، مارشل لا میں پوری فوج کا عمل دخل نہیں، چند افراد کا ہوتا ہے، بطور ادارہ فوج کے وقارپرحرف نہیں آنے دیں گے، ملک کے لئے جان قربان کرنیوالے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ چوہدری نثارعلی خان نے قومی اسبملی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرف غداری کیس کیلئیچار رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جوآئین کے مطابق تحقیقات کریگی۔

کمیٹی ڈی جی ایف آئی اے محمد خا لد قریشی، اعظم خان، حسین اصغر، مقصود الحسن پر مشتمل ہیجو جلد سے جلد رپورٹ پیش کریگی۔ چوہدری نثار نے کہا کہ مارشل لا میں فوج کا عمل دخل نہیں، چند افراد کا ہوتا ہے، بطور ادارہ فوج کے وقار پرحرف نہیں آنے دیں گے، ملک کے لئے جان قربان کرنیوالے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، فوج کا وقار عزیز ہے، تضحیک کا سوچ بھی نہیں سکتے، چوہدری نثار کا کہنا تھاکہ پرویز مشرف نے ساڑھے آٹھ سال مزے لوٹے فوج نے نہیں۔

مشرف مشکل میں آئے تو فوج کو گھسیٹنا چاہتے ہیں، پرویز مشرف کو فوج کے ادارے کے ساتھ منسوب کرنا ادارے کے ساتھ زیادتی ہے، ایسے شخص کو کٹہرے میں لایا جارہا جسے مجرم کے طور پر دیکھا جائے۔ اس موقع پر امین فہیم کا کہنا تھا کہ آرٹیکل چھ کی کارروائی بارہ اکتوبر انیس سو ننانوے سے شروعات کی جائے۔ کوئی ڈکٹیٹر اکیلا آئین نہیں توڑ سکتا اس کے حامیوں کو بھی گرفت میں لایا جائے۔