اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیرِ اعظم نواز شریف آج بجلی کے بحران پر ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں قومی توانائی پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کے مطابق حکومت ملک میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ آج کے اجلاس میں بجلی کی پیداوار کے لیے قلیل، وسط اور طویل مدتی پالیسی کے نکات پر بات ہو گی اور اسے حتمی شکل دے کر منظور کیا جائے گا۔
کل وزیر اعظم کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں وزارت پانی وبجلی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے سولر انرجی کے لیے غیرملکی کمپنیوں کے اشتراک سے نئے منصوبے لگانے سے متعلق بریفنگ دی، کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے بارے میں مختلف منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی بحران کا واحد اور فوری حل متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کرناہے۔ انھوں نے وزارت پانی وبجلی کو لائن لا سز کم کرنے، صوبوں اور بڑے اداروں سے طویل عرصے سے واجب الادا بلوں کی وصولیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔