لاہور (جیوڈیسک) توانائی بحران کے خاتمہ کے لئے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے سرمایہ کار کمپنیوں کے دو غیر ملکی وفود سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقعہ پر وزیراعلی محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام نے مسلم لیگ نواز کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا مینڈیٹ دیا ہے،انشا اللہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔
لاہور میں ترکی کی توانائی کمپنیوں کے وفد نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں توانائی کے شعبے میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔اس موقعہ پرمحمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترکی کی ہر کمپنی پنجاب کے پانچ بڑے شہروں میں کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کا جائزہ لے۔
کوئلے، سولر اور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں بھی ترک کمپنیاں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ ترک کمپنیوں کے نمائندگان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی بے مثال ہے۔ توانائی کے منصوبوں میں تعاون کر کے دوستی کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ایچ بی گروپ انٹرنیشنل کے وفد نے بھی توانائی کے شعبہ میں پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔