اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد حکومت نے نجی پاور کمپنیوں کو آج تین سو چھبیس ارب روپے کی ادائیگی کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار کا کہنا ہے کہ ادائیگیاں گردشی قرضے کا پہلا مرحلہ ہیں۔ رمضان کے لیے دو ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی کی صدارت میں ہوا۔
وزیر خزانہ نے ایوان کو بتایا کہ نجی پاور کمپنیوں کو آج 326 ارب روپے کی ادائیگیاں کر دی جائیں گی۔ اسحق ڈار کا کہنا تھا کہ رمضان کے لیے دو ارب روپے کی سبسڈی بھی دی جائے گی۔ وزیر خزانہ نے قومی اسمبلی اور سینٹ ملازمین کے لئے دو اضافی تنخواہوں کا اعلان بھی کیا۔ نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے۔
وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا گلگت میں لکڑی دو سو روپے فٹ ہے جبکہ لاہور میں اس کی قیمت تین ہزار روپے فٹ ہو جاتی ہے۔ درختوں کی کٹائی کا معاملہ کبھی کابینہ میں نہیں آیا۔ اقلیتی رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کا کہنا تھا کہ شہداد پور سے ایک ہندو خاتوں کو اغوا کیا گیا۔
خیبر پختونخوا میں ایک مندر پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا شاہ محمود قریشی کے پی کے حکومت سے بات کر کے قبضہ ختم کرائیں۔ شاہ محمود قریشی نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت سے بات کر کے مندر سے قبضہ ختم کروایا جائے گا۔ ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی نے کہا کہ جب تک ساٹھ برسوں سے بیٹھے لوگوں کا بندوبست نہیں کیا جاتا پی سی بی میں تبدیلی نہیں آئیگی۔ نجم سیٹھی کا امتحان اب شروع ہو گیا ہے۔ اب اپنی چڑیا سے کام لیں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔