گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ میں والد کے 4 لاکھ روپے ہڑپ کرکے ڈکیتی کا ڈرامہ کرنے والا نوجوان، اپنے ہی دام میں پھنس گیا۔پولیس نے کہانی کا ڈراپ سین کرکے ملزم اور ساتھی دونوں کو گرفتار کر لیا۔ گوجرانوالہ میں گھر والوں کوچونا لگانے والے نوجوان کو لینے کے دینے پڑ گئے۔ ملزم حمزہ انگلینڈ سے والد کی جانب سے بھیجے گئے ساڑھے 7 لاکھ روپے میں سے 4 لاکھ روپے ہڑپ کر گیا۔
دوستوں سے ادھار لیا تھا اس لیے ضرورت تھی رقم کی۔ لاکھوں روپے اڑادینے کے بعد گھر والوں سے چھپانا بھی تو تھا، تو بس مکار ذہن نے شیطانی چال چلی۔ بچی کچی رقم کو اپنے دوست کے ساتھ مل کر لٹ جانے کا ڈرامہ رچایا۔پھر اپنے ساتھ ہونے والی اس جعلی ڈکیتی کی اطلاع، پولیس کو دیدی۔ اس نے کہا کہ میں گاڑی لاونگا، تم گاڑی میں بیٹھ جانا اور مجھ سے پیسے لے لینا۔
اس نے اطلاع دی کہ مجھ سے 9 لاکھ 50 ہزار روپے دو ملزمان نے چھین لیے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے ساتھ ساتھ حمزہ پر بھی نظر رکھی۔ اور اسے اپنے دوست سے ڈکیتی کے ڈرامے میں لوٹی جانے والی رقم لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ بدنامی کے ساتھ ساتھ اب ملزم حوالات کی ہوا بھی کھائے گا۔