مشرف کو بکرا بناکر دیگر آئین شکن طاقتور طبقات و افراد کو بچانے کی کوشش ملکی مفاد میں نہیں ہے
Posted on June 29, 2013 By Geo Urdu کراچی
کراچی پاکستا ن کے تمام مسائل کی وجہ نصاف پر مخصوص طبقات کی اجارہ داری اورعام انسان کی انصاف سے محرومی ہے جس کی وجہ سے پیدا ہونے والی مایوسی نے ملک میں معاشی بدحالی کے ساتھ دہشتگردی اور عسکریت پسندی کو بھی فروغ دیا ہے اسلئے بلا تخصیص و تفریق انصاف و عدل کا معاشرہ قائم کرکے ملک کو مستقبل کے خطرات خدشات اور مضمرات سے محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔
معروف سیاسی و سماجی رہنما اور حلقہ PS-128 لانڈھی سے سندھ اسمبلی کیلئے سابق امیدوار محمد رئیس نے کہا ہے کہ 12 اکتوبر کو آئین توڑنے والوں کو نظر اندازاور آئین شکنی کو قانونی تحفظ فراہم کرنے والوں کو منصف قرار دیکر انصاف کا مذاق اڑانے کے ساتھ 3 نومبر کے اقدامات میں صرف پرویز مشرف کو غدار قرار دینے اور دیگر ذمہ داروں کیخلاف تادیبی کاروائی و احتساب سے گریز نہ صرف انصاف وقانون کی توہین اور عدلیہ کے ماتھے پر بدنما داغ بن جائے گا۔
بلکہ مخصوص طبقے اور طاقتور لوگوں کے مفادات کا تحفظ کہلانے کے ساتھ لسانی و صوبائی رنگ بھی اختیار کرجائے گا جس سے نہ صرف مایوسیوں اور محرومیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ عسکریت پسندی دہشتگردی اور باغیانہ جذبات کو بھی جلا ملے گی اسلئے مخصوص افراد و طبقات کے مفادات و انتقام کی خاطر مشرف کو قربانی کا بکرا بنانے کی بجائے 12 اکتوبر اور 3نومبرکے تمام آئین شکنوں ان کے تمام معاونین اور آئین شکنی کو قانونی تحفظ فراہم کرنے والوں کا بھی مکمل محاسبہ کیا جائے۔