کراچی (جیوڈیسک) پاکستانی میں کینیڈا کے سفیر گریگ جیوکاس نے کراچی چیمبر کا دورہ کیا اور پاکستانی قوم کو کامیاب انتخابات پر مبارکباد پیش کی۔ کینیڈین سفیر نے تاجروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ مشکل حالات میں اتنی بڑی تعداد میں پاکستانی عوام کا ووٹ ڈالنے کے لئے نکلنا پاکستانی عوام کی جمہوریت کی جانب پیش رفت ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب حکومت عوامی امیدوں کے مطابق پالیسیاں مرتب کرے گی جو ملک میں امن اور خوشحالی کی راہ کو ہموار کرے گی۔ اس موقع پر کینیڈا کی اعزازی قونصل جنرل نے کہا کہ ریکوڈک میں کینیڈین سرمایہ کاروں کا تجربہ اچھا نہیں رہا۔
منصوبہ کی فیزیبلیٹی پر اخراجات اٹھائے گئے تاہم تمام چیزیں مکمل کر لینے کے بعد معاہدے سے انحراف نے کینیڈین سرمایہ کاروں کو اچھا پیغام نہیں دیا۔ ایسے حالات میں کینیڈین کمپنیاں اپنا سامان تو پاکستان کو بیچیں گی لیکن سرمایہ کاری کے سلسلے میں محتطاط رہیں گی۔ صدر کراچی چیمبر و دیگر ممبران نے دوطرفہ تجارتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔