اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات پاکستانی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، گوادر بندر گاہ سے پاکستان سمیت خطے کے عوام کی قسمت بدل جائیگی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف سے چین کے ذرائع وفد نے وزیراعظم ہاس میں ملاقات کی۔
اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات، پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، پاکستان چین کے ساتھ توانائی، بنیادی ڈھانچہ اور ٹیکسٹائل انجیئنرنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ گوادر کی بندر گاہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے عوام کی قسمت بدلے گی۔
نواز شریف نے کہا کہ پاک چین تعلقات کسی اور ملک کے خلاف نہیں۔ وزیراعظم نے دیامر میں دو چینی سیاحوں کے قتل کے واقعے پر چینی عوام اور حکومت سے اظہار افسوس کیا۔ ملاقات میں وزیر اطلاعات پرویز رشید، احسن اقبال، طارق فاطمی اور اعلی حکام شریک تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف سے پاک بھارت مشترکہ بزنس کونسل کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کے عوام اور حکومت میں ہم آہنگی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔