ایم کیو ایم نے گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) کراچی ایم کیوایم نے گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ کارکنوں کے قاتلوں کی گرفتاری کے بجائے ہراساں کیا جا رہا ہے۔

رابطہ کمیٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کورنگی یونٹ کے کارکنوں محمد نوید اور عتیق عباسی کو گرفتار کیا جبکہ لیاری، لیاقت آباد، لانڈھی، ملیر، ماڈل کالونی اور لائنز ایریا میں علاقوں کے محاصرے کر کے ایم کیو ایم کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور سات سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔

رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ساجد قریشی ان کے بیٹے اور دیگر درجنوں کارکنوں کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کے بجائے ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنوں پر سرکاری حراست میں تشدد کیا جا رہا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے چھاپوں اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔