کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو لگام نہ دی گئی تو مزیدا فرا تفری اور عدم استحکام پیدا کریں گے، اولڈ سٹی ایریا میں کاروبار تباہ و برباد ہو چکا ہے، اولڈ سٹی ایریا میں 20 موٹر سائیکل سوار آتے ہیں اور خون کی ہولی کھیلتے ہیں، کیا اولڈ سٹی ایریا علاقہ غیر ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے بتایاکہ آج وہ کھارادر کے متاثر علاقے میں گئے تھے جہاں ان کے قافلے پر فائرنگ کی گئی۔
جس کی وجہ سے وہ دورہ مختصر کر کے واپس لوٹ گئے۔ فاروق ستار نے کہا کہ اب اس دہشت گردی کو روکنا ہو گا، آخر قانون نافذ کرنے والے ادارے کہاں ہیں، اولڈ سٹی ایریا میں ریاست کے اندرریاست قائم ہو چکی ہے، کون نوٹس لے گا، تاجر برادری کا پیغام ہے کہ فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، تاجربرادری میں شدید غم وغصہ ہے،بھتا دینے کے باوجود وہاں سکون نہیں ہے، اولڈ سٹی ایریا میں قتل کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے اورسندھ حکومت اولڈ سٹی ایریاکی کاروباری سرگرمیاں بحال کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ امن وامان کا معاملہ قومی سلامتی کا ہو گیا ہے، منتخب نمائندوں کے قافلوں پر ہی حملے ہوں گے تو عوام کہاں جائیں گے، متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین سندھ اسمبلی غیر محفوظ ہیں، ساجد قریشی کے قتل کے بعد واضح ہو گیا کہ چندوی آئی پیز کیلئے سیکیورٹی ہے، پاکستان کے عوام یاعوامی نمائندوں کیلئے کوئی سیکیورٹی نہیں ہے۔