لاہور میں ریلوے پولیس کا سرکاری بنگلے پر دھاوا، افسر کی فیملی دربدر

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں ریلوے حکام نے سرکاری کوٹھی میں رہائش پذیر گریڈ 21 کے حاضر سروس افسر کے اہل خانہ کو مارپیٹ کے بعد سامان سمیت گھر سے باہر نکال دیا، ریلوے حکام کے مطابق مکین غیر قانونی تھے، بے گھر فیملی کا کہنا تھا کہ حکم امتناعی کے باوجود انہیں بے دردی سے نکالا گیا۔

خاتون خانہ اور وفاقی محکمہ قانون کے چیف فنانس آفیسر وقار مغل کی اہلیہٹرک کے آگے لیٹ گئیں اورہتی رہیں کہ اس کے گھر کا سامان اس کی لاش سے گزر کر ہی جائے گا، مگر لیڈی پولیس حرکت میں آ گئی، بیٹا ماں کو بچانے بڑھا تو پولیس نے بری طرح پیٹ ڈالا، بہنیں چیختی رہ گئیں کہ انہوں نے عدالت سے حکم امتناعی لے رکھا ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بنگلے کے الاٹی افسر وقار مغل ریلوے سے تبدیل ہو کر وفاقی محکمہ قانون میں تعینات ہو چکے ہیں، وہ عدالتی حکم پررہائش پذیر تھے حکم امتناعی ختم ہونے پر کاروائی کی گئی، ریلوے کے بنگلے سے نکالی گئی فیملی کا کہنا ہے کہ سرکاری پالیسی کے تحت انہیں یہ بنگلہ چھوڑ ہی جانا تھا لیکن جس طریقے سے ریلوے انتظامیہ نے بے گھر کیا عمر بھر یہ دکھ بھلا نہیں سکیں گے۔