واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے ایکواڈور کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے سابق اہلکار اسنوڈن کو سیاسی پناہ نہ دے۔ ایکواڈور کے صدر رافیل کورے کا کہنا ہے کہ امریکی نائب صدر جوبائیڈن نے انہیں فون کر کے اسنوڈن کو سیاسی پناہ نہ دینے کی درخواست کی ہے جس کاوہ جائزہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک اسنوڈن ایکواڈور نہیں آتا یا اس کے سفارتخانوں سے رابطہ نہیں کرتا اس وقت تک اسنوڈن کی درخواست پر عمل نہیں ہو سکتا۔ امریکی قومی سلامتی ایجنسی کے سابق اہلکار نے ہانگ کانگ میں امریکی مواصلات کی نگرانی کے پروگرام سے متعلق تفصیلات سے پردہ اٹھایا تھا جس کے بعد سے وہ امریکا کو مطلوب ہے۔ اسنوڈن ہانگ کانگ سے ماسکو چلا گیا تھا جہاں وہ کئی دنوں سے ایئرپورٹ کے ٹرانزٹ ایریامیں موجود ہے۔