بلدیاتی مسائل پر توجہ نہ دی گئی تو پہلوان گوٹھ میں خوفناک مسائل جنم لینے کا خدشہ ہے، بلدیاتی اداروں کی ناقص کار کردگی کا نوٹس لیا جائے ۔ نور محمد انگریز
Posted on June 30, 2013 By Tahir Webmaster کراچی
کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سابق مشاورتی کونسلر نور محمد انگریز نے وزیر اعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی سے اپیل کی ہے کہ جناح انٹر نیشنل ائر پورٹ کے نزدیک قائم قدیم غریب بستی پہلوان گوٹھ، اولڈ ایریا اور اس سے ملحقہ مسیحی بستی سے بنیادی سہولیات کے فقدان کا خاتمہ کیا جائے۔ مذکورہ آبادیوں کے مکین فراہمی و نکاسی آب ، خستہ حال سڑکیں اور گلیاں اور صفائی وستھرائی اور روشنی کے ناقص نظام کی وجہ سے شدید اضطراب کا شکار ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء نور محمد انگریز نے کہاکہ اگر بلدیاتی مسائل پر توجہ نہ دی گئی پہلوان گوٹھ اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں خوفناک مسائل جنم لیں گے انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی اداروں کی ناقص کا کردگی کا فوری نوٹس لیں اور پہلوان گوٹھ اور ملحقہ آبادیوں کے عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلا ئیں ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سابق مشاورتی کونسلر بلدیہ عظمیٰ کراچی نور محمد انگریز نے پہلوان گوٹھ، اولڈ ایریا اور مسیحی بستیوں کے مکینوں کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔
نور محمد انگریز نے عوام کو یقین دلا یا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کو تنہاء نہیں چھوڑے گی علاقائی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ہر فورم پر عوام کے آواز کو اٹھا یا جائے گا انہوں نے کہاکہ بلدیاتی اداروں کے افسران نفرت اور تعصب کی بنیاد پر عوام کو مسائل کے دلدل میں نہ دھکیلیں پہلوان گوٹھ، اولڈ ایریا سمیت ملحقہ
غریب بستیوں میں آئے دن بجلی کی طویل بندش پر شدید احتجاج کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء نے کہاکہ آخر غریب بستیوں کے مکینوں کو کس جرم کی سزا دی جارہے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء نور محمد انگریز نے حکام بالا سے اپیل کی ہے۔
فی الفور پہلوان گوٹھ اور ملحقہ آبادیوں کے عوام میں پائی جانے والی احساس محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے، فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو بہتر، سڑکوں اور گلیوں کی حالت کو درست اور روشنی کے حوالے سے انتظامات کے ساتھ صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنا کر صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے۔