کوئٹہ : 28 افراد کی ہلاکت سے فضا سوگوار، شہر میں شٹرڈائون

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں 28 افراد کی ہلاکت کے بعد فضا سوگوار، ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کی کال پر شہر میں شٹر ڈان، بارہ گھنٹے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا۔ کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹان میں ہونے والے خود کش حملے میں 10 خواتین اور 3 بچوں سمیت 28 افراد شہید اور 60 زخمی ہو گئے۔

ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی کال پر آج شہر میں شٹر ڈان ہڑتال کی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز ابو طالب روڈ پر امام بارگاہ کے قریب خود کش حملہ اس وقت کیا گیا جب نماز ادا کی جا رہی تھی۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ شہر بھر میں اس کی آواز سنی گئی۔ دھماکے سے کئی دکانیں بھی تباہ ہو گئیں۔ دھماکے کے بعد مقامی لوگوں نے ہوائی فائرنگ کی تھی۔

ایف سی اور پولیس نے دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا جہاں سے بعد میں ان کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا جہاں پر پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ تحقیقاتی ٹیموں نے دھماکے کی جگہ سے خود کش حملہ آور کا سر، بال بیرنگ، نٹ بولٹ قبضے میں لے لئے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ عین نماز کے وقت زوردار دھماکا ہوا۔

اس وقت بازار میں کافی رش تھا جس کی وجہ سے نقصان زیادہ ہوا۔ سی سی پی او کوئٹہ میر زبیر محمود نے کہا ہے کہ خود کش حملہ آور سائیکل پر سوارتھا جسے امام بارگاہ کے گیٹ پر روکا گیا تو اس نے تلاشی کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث کوئٹہ ایکسپریس کو آگے جانے سے روک دیا گیا۔ ٹرین آج کسی وقت روانہ ہوگی۔ ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کی کال پر آج کوئٹہ میں شٹر ڈان ہڑتال کی جائے گی۔ جعفریہ الائنس نے دھماکے پر تین دن جبکہ عزاداری کونسل نے سات روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔