کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں تشدد اور فائرنگ کے مختلف واقعات میں چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ بلدیہ اتحاد ٹان میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور تیرہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر مختلف اقسام کے ہتھیار، پولیس وردیاں اور نو بم برآمد کر لئے۔ شہر قائد میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات کا سلسلہ رک نہ سکا۔ ماڑی پور دعا ہوٹل کے قریب سے ایک بوری بند لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔
نیو کراچی سیکٹر ایف ڈی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ لیاری آگرہ تاج کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ بلدیہ ٹان دو نمبر میں فائرنگ سے ایک شخص فاروق قادری مارا گیا۔ سہراب گوٹھ میں انڈس پلازہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محمد جاوید خان جاں بحق ہو گیا۔
اورنگی ٹان کے علاقے قصبہ کالونی میں کٹی پہاڑی کے قریب سے ایک شخص عمران کی تشدد زدہ لاش ملی۔ مقتولین کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ دوسری طرف رینجرز نے بلدیہ اتحاد ٹان میں جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔
رینجرز ترجمان کے مطابق آپریشن میں پندرہ سو اہلکاروں نے حصہ لیا۔ علاقے کا محاصرہ کر کے لوگوں کی آمد و رفت پر پابندی لگا دی گئی اور گھر گھر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران تیرہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے پولیس کی وردیاں، آٹھ غیر ملکی ساخت کے نو بم اور انتالیس ہتھیار برآمد ہوئے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان سے بم میں استعمال ہونے والے بال بیرنگ بھی ملے۔