اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے سپریم کورٹ کو یقین دلایا ہے کہ کنٹونمنٹ علاقوں میں بلدیاتی انتخابات 15 ستمبر تک کرائے جائیں گے۔ کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران حکومت نے سپریم کورٹ کو یقین دلایا ہے کہ کنٹونمنٹ علاقوں میں بلدیاتی انتخابات 15 ستمبر تک کرا دیئے جائیں گے۔
چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع سے کہا کہ اس حوالے سے تحریری طور پر یقین دہانی کرائیں۔ جس پر وزارت دفاع کا تحریری بیان سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں کہ تمام صوبے بھی بلدیاتی انتخابات کروائیں گے۔
دوران سماعت عدالت نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے علاقوں میں بلدیاتی انتخابات ایک آئینی ذمہ داری ہے اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کواپنی ذمہ داریوں سے روگردانی نہیں کرنی چاہئے۔
حکومت نے سپریم کورٹ کو یقین دلایا ہے کہ کنٹونمنٹ کے تمام علاقوں میں بلدیاتی انتخابات اس سال ستمبر کی پندرہ تاریخ تک کرائے جائیں گے۔ یہ یقین دہانی سیکرٹری آصف یاسین نے کنٹونمنٹ کے علاقوں میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے حوالے سے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران کرائی۔