اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں نجی حج ٹور آپریٹرز نے حج کوٹہ میں کمی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور وفاقی وزیر کی گاڑی کا گھیرا بھی کیا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر سردار یوسف کا کہنا ہے کہ حج کے عمل میں کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔
نجی ٹور آپریٹرز نے پی آئی ڈی کے سامنے حج کوٹے میں کمی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ نجی ٹور آپریٹرز نے وفاقی وزیر سردار یوسف کی گاڑی کا گھیرا بھی کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا نجی حج آپریٹرز کے کوٹے میں 30 فیصد کمی نہ کی جائے اور اگر حج کوٹہ میں کمی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا۔
تو وزیر اعظم کے دفتر کا گھیرا کریں گے۔ اس سے پہلے وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس سال حج پر نہ جانے والوں کو اگلے سال ترجیح دی جائے گی اور حج کے عمل میں کسی قسم کی کرپشن ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عازمین حج کو سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں، مکہ میں رہائش گاہ کی قیمت وقت کے ساتھ کم ہوتی ہے۔