پاکستان (جیوڈیسک) ورلڈ ہاکی لیگ کے آخری گروپ میچ میں پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے جنوبی افریقہ کو چھ کے مقابلے میں دوگول سے شکست دے کر پول بی میں ٹاپ پوزیشن پرحاصل کرلی ہے۔
جوہربارو میں جاری ورلڈ ہاکی لیگ کوالیفائرز کے آخری گروپ میچ میں جنوبی افریقہ کیخلاف پاکستانی ٹیم کھیل کے آغاز سے ہی چھائی رہی۔ قومی ٹیم کے تابڑ توڑ حملوں کا جنوبی افریقہ کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔ میچ کے تیرہویں منٹ میں محمد زبیرکے گول نے پاکستان کو برتری دلائی۔ چند لمحے بعد شفقت رسول نے اسکور ڈبل کردیا۔ جنوبی افریقی ٹیم نے پلنٹی کارنر پر گول کرکے خسارے کو کم کیا لیکن تین منٹ بعد ہی عبدالحسیم خان کے دلکش پاس کی بدولت پاکستان برتری کو ایک بار پھر ڈبل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
دوسرے ہاف میں بھی پاکستانی ٹیم نیجنوبی افریقہ کوکم بیک کا موقع نہ دیا۔ اکتالیسویں منٹ میں حسیم خان نے چوتھا گول داغ کرکے میچ میں گرفت مضبوط کرلی۔ اور چند منٹ بعد ایک اور گول کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ کھیل کے آخری لمحات میں شکیل عباسی نے گول کرکے پاکستان کی برتری کو چھ ایک کردیا۔ جواب میں حریف سائیڈ مزید ایک گول کرسکی۔ گروپ بی سے ٹاپ پوزیشن کیساتھ پاکستان نے کوارٹر فائنل میں قدم رکھا ہے جہاں چار جولائی کو کوریا سے مقابلہ ہوگا۔