حج کوٹا کے تنازعے کو حل کرنے کے لیے 4 رکنی کمیٹی بنا دی گئی

Hajj Quota

Hajj Quota

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے حج کوٹے سے متعلق پرائیویٹ حج آپریٹرز کے تحفظات دور کرنے کے لئے 4 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی حج آپریٹرز کے کوٹے سے متعلق مسائل حل کرے گی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کمیٹی کے سربراہ ہیں جبکہ وزیرمذہبی امور سردار یوسف، وزیر مملکت مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات اور وزیر اطلاعات پرویزرشید شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے حج کوٹے میں کمی کے پیش نظر تمام اسٹیک ہولڈرز کی شکایات کا جائزہ لیا جائے۔ پرائیویٹ حج آپریٹرز کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے 20 فیصد کٹوتی کے بعد حج کوٹا 50,50 فیصد تقسیم کیا جائے۔ تاہم وزارت حج نے پرائیوٹ حج آپریٹرز کے لئے 40 فی صد اور ریگولر اسکیم کے تحت 60 فیصد کوٹا رکھنے کا اعلان کیا ہے۔