لاڑکانہ (جیوڈیسک) لاڑکانہ پولیس نے دو روز قبل ہریجن مندر سے چوری کی جانے والی پانچ مورتیوں کو برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دو روز قبل لاڑکانہ کے نواحی علاقے میں واقع ہریجن مندر سے رات گئے 5مورتیاں چوری کی گئی تھیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
ایس ایس پی سید پیر محمد شاہ کیمطابق خفیہ اطلاعات کی بنا پر ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کی نشاندہی پر مورتیاں ایک کباڑی کی دوکان سے بازیاب کرلی گئی ہیں۔ ان مورتیوں کو چوروں نے 5 ہزار روپے میں کباڑی کو فروخت کیا تھا۔ ایس ایس پی نے کہا کہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اس کے 2 ساتھیوں کو بھی منگل کی شام تک گرفتار کر لیا جائے گا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔