قطر (جیوڈیسک) افغان طالبان اور امریکا کے درمیان باضابطہ مذاکرات سے قبل اعتماد سازی کے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ فریقین نے کسی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے تفصیلات منظر عام پر نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق امریکا افغانستان سے انخلا کے بعد بھی کچھ شہروں میں اڈے برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
جہاں پر آٹھ سے دس ہزار امریکی فوجی رہیں گے۔ امریکا نے یہ معاملہ طالبان سے بات چیت کے روڈ میپ میں شامل کیا لیکن طالبان کے انکار کے بعد امریکا نے مذاکرات میں اپنی حکمت عملی تبدیل کرلی ہے۔
بات چیت کے پہلے مرحلے میں اعتماد سازی کے اقدامات ہونگے جس کے تحت طالبان قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں امریکی اڈوں کا معاملہ زیر بحث آئیگا۔ طالبان افغانستان سے تمام غیر ملکی افواج کی واپسی چاہتے ہیں۔ امریکا اس معاملے پر پاکستان کی مدد بھی لے گا۔