ڈنگہ کی خبریں 2.7.2013

میاں شہباز شریف اور پنجاب حکومت معیار تعلیم کی بہتری اور اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے لئے انقلابی اقدامات عمل میں لارہی ہے
ڈنگہ : میاں شہباز شریف اور پنجاب حکومت معیار تعلیم کی بہتری اور اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے لئے انقلابی اقدامات عمل میں لارہی ہے، میاں طارق محمود ایم پی اے
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)نومنتخب ایم پی اے سرسید آف ڈنگہ میاں طارق محمود نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میاں شہباز شریف اور پنجاب حکومت معیار تعلیم کی بہتری اور اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے لئے انقلابی اقدامات عمل میں لارہی ہے میاں محمد شہباز شریف شعبہ تعلیم میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم اور دانش سکولوں کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہیں جبکہ شرح خواندگی میں اضافہ کرنے کے لئے نجی شعبہ کا تعاون بھی نا گزیر ہے ۔میاں طارق محمود نے کہا کہ شعبہ تعلیم بازیچہ اطفال نہ ہے اور اساتذہ کا فرض بنتا ہے کہ وہ محنت اور دلجمعی سے اپنے تعلیمی فرائض سر انجام دیں اور غیر ضروری چھٹیوں سے گریز کریں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : نواز شریف دور میں دہشت گردی اور مہنگائی بڑھ گئی ،چوہدری اعجاز احمد رنیاں سابق امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی113
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)راہنما مسلم لیگ ق سابق امیدوار حلقہ پی پی113چوہدری اعجاز احمد رنیاں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف دور میں دہشت گردی اور مہنگائی بڑھ گئی عوام کا ایک ماہ کے اندر اندر ناک میں دم آگیا۔ حکومت شہریوں کی جیبوں سے پیسہ نکالنے اور دہشت گرد خون کی ہولی کھیلنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کوئٹہ، پشاور میں دھماکوں اور 50 سے زائد شہریوں کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے ملک میں حکومت کا کوئی وجود نہیں اور ہر طرف دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :پٹرول، ڈیزل ،مٹی کا تیل اور سی این جی کی قیمتوں میں کیے گئے حالیہ اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے، الحاج چوہدری محمد اقبال منج
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)جٹوں کی آن و شان ،معروف ٹرانسپورٹر چوہدری محمد اقبال منج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ظالمانہ اور غریب دشمن اقدام کیا ہے اس سے مہنگائی مزید بڑھے گی۔ پٹرول، ڈیزل ،مٹی کا تیل اور سی این جی کی قیمتوں میں کیے گئے حالیہ اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔انہوں نے کہاکہ شعبہ زراعت بجٹ اور وزیر اعلیٰ کی ترجیحات میں شامل نہیں۔ آڑھتی اونے پونے فصلیں خرید کر کسانوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے دوستی کے سہانے خواب دیکھنے والے یہ مت بھولیں کہ انڈیا ہمارے 60 سے زائد دریائوں پر ڈیم تعمیر کرکے پاکستان کا پانی چوری کررہا ہے۔نتیجتاً پاکستان میںزراعت تباہ وبرباد ہورہی اوربھارت میں کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سبسڈی دے کر خوشحال بنایا جارہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : جلد انشاء اللہ حلقہ کے لئے میگا ترقیاتی پیکج لائیں گے جس سے حلقہ کی تقدیر بدل جائے گی، چوہدری جعفر اقبال ایم این اے
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)ایم این اے حلقہ این اے106چوہدری جعفر اقبال آف ڈنگہ نے ڈیرہ ڈنگہ پر صحافیوں ملاقات کے دورن کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی ملک میں سرمایہ کاری کی فضا سازگار ہونا شروع ہوگئی ہے۔ چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ تجارتی سر گرمیوں میں اضافے اورنجی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے مواقع بڑھنا شروع ہو جائیں گے۔ اگرسابق حکومت نے ملک میں معاشی استحکام اور سرمایہ کاری پرتوجہ دی ہوتی توآج روزگار بھی ہوتا اور مہنگائی کا جن بھی قابوسے باہر نہ ہوتا۔ آئندہ چندماہ میں عوام کو معیشت مین بہتری کے ثمرات ملنا شروع ہو جائیں گے جولوگ مہنگائی کاشورمچارہے ہیں وہی معیشت کے حالیہ دیوالیہ پن کے ذمہ دارہیں ۔انہوں نے کہا کہ جلد انشاء اللہ حلقہ کے لئے میگا ترقیاتی پیکج لائیں گے جس سے حلقہ کی تقدیر بدل جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ: ٹرانسپورٹرو ں نے پیٹرول مہنگا ہونے پر کرائے از خود بڑھا دیئے ہیں جو کہ سرا سر عوام پر ظلم کے مترادف ہے،محمد حبیب بسوی
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)معروف سیاسی سماجی و فلاحی شخصیت سابق ناظم ڈنگہ محمد حبیب بسوی نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیکسوں میں اضافہ کے بجائے نظام بہتر کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرو ں نے پیٹرول مہنگا ہونے پر کرائے از خود بڑھا دیئے ہیں جو کہ سرا سر عوام پر ظلم کے مترادف ہے انہوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی بڑھے گی تو اس کا اثر براہ راست غریب عوام پر ہو گا انہوں نے کہا کہ جلد از جلد ملک بھر سمیت پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کرائے جائیں تاکہ دہشت گردی سمیت دیگر مسائل پر قابو پایا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :پاکستان کے شورش زدہ علاقوں میں کھلونا بموں کی وجہ سے اب تک سینکڑوں افراد یا تو جان سے گئے یا پھر عمر بھر کے لیے معذور ہوچکے ہیں
ڈنگہ(رپورٹ:۔محمد بلال احمد بٹ)پاکستان کے شورش زدہ علاقوں میں کھلونا بموں کی وجہ سے اب تک سینکڑوں افراد یا تو جان سے گئے یا پھر عمر بھر کے لیے معذور ہوچکے ہیں جن میں اکثریت بچوں کی ہے۔ملاکنڈ ڈویڑن میں امن کی بحالی کے بعد کثرت سے کھلونا بموں کے پھٹنے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ کھلونا بموں کے پھٹنے کے باعث ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی صحیع تعداد دستیاب نہیں ہے تاہم شورش زدہ علاقوں میں کھلونا بموں کے پھٹنے کے باعث زیادہ تر بچے ہاتھ پیروں سے عمر بھر کے لیے محروم ہوچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق شورش زدہ علاقوں میں اس قسم کے واقعات کے تدارک کے لیے ان علاقوں کے لوگوں کے لیے رہنما اصول اور احتیاطی تدابیر کا جاننا بہت ضروری ہیں کیونکہ یہ انتظامی مسئلہ نہیں بلکہ یہ بہت بڑا انسانی مسئلہ ہے اور ان کے لیے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :سعودی عرب میں 30 ہزار پاکستانیوں سمیت دنیا بھر کے لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن کی قسمت کا فیصلہ48گھنٹوں میں ہوگا۔
ڈنگہ(محمدبلال احمد بٹ)سعودی عرب میں 30 ہزار پاکستانیوں سمیت دنیا بھر کے لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن کی قسمت کا فیصلہ48گھنٹوں میں ہوگا۔ 3 جولائی کو ملک چھوڑ نے کی تاریخ میں اضافہ نہ ہونے کی صورت میں لاکھوں غیر ملکیوں کو قید، جرمانہ اور آئندہ کے لئے بلیک لسٹ ہونے کی سزا ملے گی۔ سعودی عرب کی وزارت محنت و افرادی قوت نے اپنی حکومت سے غیرقانونی تارکین وطن کے انخلاء کی تاریخ میں توسیع کے لیے مزید مہلت مانگی ہے۔ محرم تک کی مہلت دینے پر بھی مشاورت ہو رہی ہے۔ پاکستان کے غیر قانونی تارکین وطن سے سفارت خانے کے بعض اہلکار فی پاسپورٹ 200 سے 300 ریال رشوت لے رہے ہیں۔ سعودی عرب نے نئی نطاقہ(لیبر ) پالیسی کے تحت غیر قانونی تارکین وطن کو 3 جولائی 2013 ئ تک رضا کارانہ طور پر ملک چھوڑنے یا اپنے آپ کو قانونی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔ جن تارکین وطن نے اپنے آپ کو قانونی شکل دی انہیں مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ مہلت ملنے پر ایک اکھ 85ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن ملک چھوڑ چکے ہیں۔ 2لاکھ ایسے غیر قانونی تارکین وطن ہیں جن کے پاس کوئی دستاویز نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :لندن میں الطاف حسین اور بھا ئی کی 2کروڑ 20ملین پاؤنڈ کی جائیدادوں کا انکشاف
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)لندن پولیس نے برطانیہ میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور ان کے بھائی کے نام پر خریدی گئی جائیدادوں کا سراغ لگایا ہے جن کی مالیت 2کروڑ 20ملین پاؤنڈ سے بھی زیادہ ہے، سراغ لندن میٹرو پولیٹن پولیس کی سیریس اور آرگنائزڈ کرائم ایجنسی نے لگایا ہے ، ذرائع کا کہناہے کہ برطانوی حکام کو گز شتہ دنوں لندن میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور ان کے قریبی عزیز کے گھر چھاپوں کے دوران ان جائیدادوں کا علم ہوا تھا ،ذرا ئع کے مطابق یہ جائیدادیں شمالی لندن میں واقع ہیں اور الطاف حسین او ر امریکا میں مقیم ان کے بھائی اقبال حسین کے نام ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے ایک جائیداد الطاف حسین کی سابق اہلیہ فائزہ کی ہے جو الطاف حسین نے طلاق کے حوالے سے ہونی والی مفاہمت کے بعد ان کے نام کی تھی۔ برطانوی حکام الطاف حسین سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں کہ یہ بیش قیمت پراپرٹی خریدنے کے لیے انہوں نے رقم کہاں سے حاصل کی جبکہ ان کا برطانیہ میں کوئی بھی کاروبار نہیں ہے، ذرائع کے مطابق ان میں سے 6 جائیدادوں کی مالیت6 لاکھ پاؤ نڈ،3 لاکھ 64 ہزار پاؤنڈ،5 لاکھ 60 ہزار پاؤنڈ، 6لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ، 3 لاکھ 85 ہزار پاؤنڈ اور 10 لاکھ 20 ہزار پاؤ نڈ ہے،یہ جائیدادیں خریدنے کے لیے نقد رقم ادا کی گئی اور کسی بینک سے قرضہ بھی نہیں لیا گیا، برطانیہ کے قانون کے مطابق کوئی بھی پراپرٹی خریدنے کے لیے ادا کی گئی رقم کا ثبوت حکام کو دینا ضروری ہوتا ہے کہ کس کاروبار یا ذرائع سے یہ رقم حاصل کی گئی ہے۔