لیسکو، نے لوڈشیڈنگ کے دورانیئے میں اضافہ کردیا

Lesko

Lesko

لاہور (جیوڈیسک) لاہور لیسکو حکام نے لوڈشیڈنگ دورانیے میں یکدم اضافہ کر دیا، 10 گھنٹے کی بجائے اب 12 سے 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے گھریلو، کمرشل اور صنعتی سرگرمیاں ٹھپ نظر آتی ہیں۔ لیسکو حکام کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے کوٹے میں ایک بار پھر کمی کر دی گئی ہے اور اسے طلب 4 ہزار 7 سو میگاواٹ بجلی کی بجائے صرف 2 ہزار میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

اس شارٹ فال کی وجہ سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے، لاہور شہر کے اکثر گرڈ اسٹیشن اکٹھے بند کر دیئے جاتے ہیں ،صارفین کا شدید گرمی اور حبس سے برا حال ہے، کاروباری سرگرمیاں صفر ہو کر رہ گئی ہیں۔

لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ کوٹے میں اضافے سے ہی لوڈشیڈنگ میں کمی ممکن ہے۔ دوسری طرف وزارتِ پانی و بجلی ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 12 ہزار میگا واٹ جبکہ طلب 18 ہزار میگاواٹ ہے، اس طرح شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ ہے۔