نو منتخب امیر جماعت اسلامی ضلع کوٹلی عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے حلف اٹھا لیا

کوٹلی: نو منتخب امیر جماعت اسلامی ضلع کوٹلی عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے حلف اٹھا لیا۔ امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی نے نو منتخب امیر ضلع سے حلف لیا۔ حلف برداری کی پر وقار تقریب گزشتہ روز جامع مسجد الشہداء کوٹلی میں منعقد ہوئی۔

جس میں ضلع بھر سے اراکین جنرل کونسل اور ذمہ داران نے شرکت کی۔ نو منتخب امیر ضلع عبدالحمید چوہدری نے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ضلعی مجلس شوریٰ اور جنرل کونسل کے اراکین سے مشاورت سے ضلع کی دیگر تنظیم سازی کا عمل بھی مکمل کر لیا ہے۔

اتفاق رائے سے میاں نجیب حسین ایڈووکیٹ اور ملک محمد اسلم نائب امراء اور حافظ محمد شبیر کو ضلع کا جنرل سیکرٹری مقرر کر دیا گیا۔ ولایت حسین بشارت کو ناظم مالیات ،سردار مظہر اقبال ایڈووکیٹ کو انچارج شعبہ تنظیم، مولانا محمد نصائب کو شعبہ تعلیم و تربیت کی ذمہ داری تفویض کی گئی۔ جبکہ حلقہ جات کے اراکین سے مشارورت کے بعد امرائے حلقہ جات کا بھی تقرر کر دیا گیا۔

حلقہ نمبر 1 کوٹلی کے لیے زاہد الحسن چوہدری ایڈووکیٹ، حلقہ نمبر 2 نکیال کے لیے تاج الدین، حلقہ نمبر 3 سہنسہ کے لیے راجہ محمد محفوظ، حلقہ نمبر 4 چڑہوئی کے لیے محمد امتیاز دانش اور حلقہ نمبر 5 کھوئیرٹہ کے لیے توصیف الرحمن ایڈووکیٹ کو امیر مقرر کر دیا گیا۔ ضلعی جنرل سیکرٹری اور امرائے حلقہ جات نے بھی تقریب میں ہی اپنی ذمہ داریوں کا حلف اٹھایا۔

حلف برداری کی تقریب سے امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی ، سیکرٹری جنرل محمود الحسن چوہدری، نومنتخب امیر جماعت اسلامی ضلع کوٹلی عبدالحمید چوہدری، سبکدوش امیر ضلع حبیب الرحمن آفاقی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دستور جماعت کے مطابق نئے سیشن کی تنظیمی ٹیم عمل میں آ چکی ہے ہم سب نے مل جل کر خطے میں تبدیلی کا پیغام عام کرنا ہے اور نئے عزم و حوصلے کے ساتھ جدوجہد کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا۔