حزب اختلاف چہاولہ چڑھوئی کے زیر اہتمام تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا

کوٹلی : حزب اختلاف چہاولہ چڑھوئی کے زیر اہتمام تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس کی صدارت معروف سماجی رہنما تاسب علی انصاری نے کی، تعزیتی اجلاس میں عبدالقیوم انصاری، جہانگیر حسن انصاری ،محمد نصیر انصاری، صدر محاذ رائے شماری حلقہ 4 قاری عبدالرزاق عاصی سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء اجلاس نے ممتاز قوم پسند حریت رہنما عبدالخالق انصاری کی قومی و تاریخی خدمات کو تاریخی ورثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کشمیری قوم کے لیے امید کی کرن اور مشعل راہ کی حیثیت رکھتے تھے ،ان جیسی خدمات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں،خالق انصاری (مرحوم)ایک بے باک محب وطن قومی لیڈراور تحریک آزادی کشمیر کے روح رواں تھے، ان کی وفات سے ایک بڑا خلاء پیدا ہو گیا ہے۔

مرحوم نے اپنی ساری زندگی اصولوں کی سیاست کی اورزندگی کے کسی بھی موڑ پر ان کے پائے استقامت میں لغزش نہیں آئی،وہ تحریک آزادی کشمیر کے مجاہدین،حریت پسندوں اور رہنمائوں کے لیے ایک مثال تھے،ہم ان کی کمی ہمیشہ محسوس کرتے رہیں گے، رہنمائوں نے کہا کہ خالق انصاری (مرحوم )کا شمار ان مخلص اور وطن دوست رہنمائوں میں تھا جنہوں نے وطن عزیز کی حقیقی آزادی اورخوشحالی کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی۔

تحریک آزادی کی جدو جہد میں ان کا کوئی ثانی اور متبادل اس وقت خطہ کے اندر موجود نہیں ہے،وہ صاحب بصیرت انسان تھے جس کا عزم ہمیشہ جوان رہا اور وہ وطن کی آزادی کی تڑپ لیے اس جہان فانی سے کوچ کر گئے،انکی قومی و تحریکی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا،وہ بلند اخلاق کے مالک اور اعلیٰ اوصاف کی حامل ایک مدبر شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔

اپنوں اور بیگانوں سے بلاامتیاز حسن سلوک ان کی طبیعت کا خاصا تھا اسی باعث وہ تمام مکتبہ فکر کے لوگوں میں ایک ممتاز مقام رکھتے تھے،شرکاء اجلاس نے عبدالخالق انصاری کی وفات کو ایک بڑا قومی نقصان قرار دیتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے،رہنمائوں نے مرحوم کی درجات بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی خصوصی دعا کی ہے۔