چکوال کی خبریں 3.7.2013

تھانہ سٹی کو مختلف مقدمات میںمطلوب ملزم نوید انجم عرف نویدا اشتہاری نے ایک مرتبہ پھر خوف و ہراس پھیلانا شروع کر دیا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) تھانہ سٹی کو مختلف مقدمات میں مطلوب ملزم نوید انجم عرف نویدا اشتہاری نے ایک مرتبہ پھر خوف و ہراس پھیلانا شروع کر دیا۔گرفتاری کے خوف سے روپوش نویدا اشتہاری نے اپنے ماموں کو راضی نامہ کروانے کے بہانے تترال بلوا کر قاتلانہ حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا۔نوید انجم عرف نویدا اشتہاری جو کہ جنوال ٹائون کا رہائشی ہے اور تھانہ سٹی میں اس کے خلاف مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں عدالت سے اس کی ضمانت بھی کینسل ہو چکی ہے نے اپنے ماموں راجہ عبدالرشید کو تترال بلوایا کہ وہ ایک مقدمہ میں راضی نامہ کروا دیں عبدالرشید جب بھانجے کے سسرال پہنچا جہاں پر ملزمان نے پناہ لے رکھی تھی تو نوید انجم نے لوہے کے راڈ سے حملہ کر کے اپنے ماموں عبدالرشید کو شدید زخمی کر دیا اور اس کا پستول بھی چھین کر فرار ہو گیا۔عبدالرشید کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی ہسپتال داخل کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم تاحال فرار ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کے نام پر پارکنگ فیس نافذ کر کے ایک مرتبہ پھر لوٹ مار شروع کر دی گئی
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کے نام پر پارکنگ فیس نافذ کر کے ایک مرتبہ پھر لوٹ مار شروع کر دی گئی اور ٹھیکیدار کے دس غنڈوں نے ہسپتال میں شہریوں پر پرچی فیس کے نام پر حملے شروع کر دئیے۔ہسپتال میں پنجاب حکومت نے کئی سال پہلے پارکنگ فیس ختم کر دی تھی مگر گزشتہ روز چند غنڈہ گرد عناصر نے اچانک بیرئیر لگا کر ایمرجنسی کا راستہ بند کر دیا اور پارکنگ فیس کے نام پرلوٹ مار شروع کر دی۔میڈیا کی ٹیم جب عوامی شکایات پر موقعہ پر پہنچی تو اسلام نامی ٹھیکیدار نے دیگر دس ساتھیوں کے ساتھ مل کر میڈیا ٹیم سے کیمراچھین لیا اور جھگڑا شروع کر دیا۔ اسلام نامی ٹھیکیدار کا کہنا تھا کہ انہیں لوٹ
مار کا لائسنس وزیراعلیٰ شہباز شریف، ای ڈی او ہیلتھ اور ایم ایس ہسپتال نے دیا ہے۔ اور جو فیس جمع نہیں کرائے گا اسے ہسپتال کے اندر داخل نہیں ہونے دیا جائیگا۔اس سے پہلے ایک مریض ہسپتال کے دروازے پر سسک سسک کردم توڑگیا۔اور رکشہ ڈرائیور پارکنگ فیس کے نام پر احتجاج کرتے رہ گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ شہر میں جگہ جگہ غنڈہ ٹیکس کی وصولی کا کام شروع ہو چکا ہے اورہسپتال کے ایمرجنسی کے باہر بیرئیر لگا کر پرچی فیس کے نام پر جو لوٹ مار شروع کی گئی ہے اس پر عوامی و سماجی حلقوں نے شدید احتجاج کیاہے۔ٹھیکیدار کے مسلح غنڈے ہسپتال میں ہر آنے جانے والے سے غنڈہ ٹیکس وصول کر رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امتحانات میں خراب نتائج دینے والے اساتذہ کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب عبدالجبار نے واضح کیا ہے کہ امتحانات میں خراب نتائج دینے والے اساتذہ کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔زیرو فیصد نتائج دینے والے اساتذہ کے خلاف باضابطہ کاروائی ہوگی۔ جبکہ دس فیصد رزلٹ دینے والے اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائینگے۔ اسی فیصد نتائج دینے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب کا کہنا تھا کہ نتائج کی بنیاد پر جزا اورسزا کاعمل جلد شروع کیا جائیگا۔اور کوالٹی آف ایجوکیشن کو ترجیح دی جائیگی۔ سیکرٹری ایجوکیشن کا یہ بھی کہنا تھاکہ اساتذہ کی سکول سے غیر حاضری نے تعلیم کا بیڑہ غرق کر دیاہے۔اب محکمہ تعلیم میں صرف وہی ملازمت کرسکے گا جو اپنی ڈیوٹی کے ساتھ مخلص ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے چکوال عمر جہانگیر کو ٹی ایم اے کے ملازمین کی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں ضلع بدرکر دیا گیا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے چکوال عمر جہانگیر کو ٹی ایم اے کے
ملازمین کی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں ضلع بدرکر دیا گیا۔ ڈاکٹر عمر جہانگیر نے کامران صادق نامی چوکیدار کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ جس پر ٹی ایم اے کے ملازمین نے احتجاجی تحریک شروع کی تھی ایپکا ٹی ایم اے چکوال نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوںنے اس زیادتی کے نتیجہ میں غریب ملازمین کی آواز اعلیٰ حکام تک پہنچائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال میں ہوائی فائرنگ کرنے اور متعدد طلباء کو زخمی کرنے پر تین نامزد طلباء سمیت 20ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال میں ہوائی فائرنگ کرنے اور متعدد طلباء کو زخمی کرنے پر تین نامزد طلباء سمیت 20ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔مقدمہ فارس علی ساکن تھوہابہادر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ تھانہ سٹی چکوال کو درج کرائی جانیوالی ایف آئی آر کے مطابق نعمان، حیدری، بلال وغیرہ بیس نوجوانوں نے فارس علی پر فائرنگ کی جس سے وہ گر گیا۔ بلال وغیرہ نے فہد حسین اور دیگر طلباء کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سٹی پولیس چکوال نے ہومیوادویات کے نام پرشراب فروشی کا دھندہ کرنے والے ہومیو ڈاکٹر کو گرفتار کر کے دو سو بوتل شراب برآمد کرلی
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سٹی پولیس چکوال نے ہومیو ادویات کے نام پر شراب فروشی کا دھندہ کرنے والے ہومیو ڈاکٹر کو گرفتار کر کے دو سو بوتل شراب برآمد کرلی۔ سٹی پولیس نے ذکی ہومیو سٹور پر چھاپہ مارا اور عبدالرئوف نامی ہومیو ڈاکٹر کو گرفتار کر کے دو سو بوتل شراب برآمد کر کے ملزم کو جیل بھجوا دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پارکنگ فیس کے نام پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں شریف شہریوں کو لوٹا جانے لگا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) پارکنگ فیس کے نام پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں شریف شہریوں کو لوٹا جانے لگا۔ پابندی کے باوجود مسلح افراد شہریوں سے پرچی فیس وصول کرنے لگے میڈیا ٹیم موقع پر پہنچی تو ٹھیکیدار کے کارندوں نے حملہ کر کے کیمرہ چھین لیا۔ہسپتال میں گزشتہ کئی دنوں سے پرچی فیس کے نام پر لوٹ مار جاری ہے اور اس میں مقامی ہیلتھ افسران کی آشیر باد شامل ہے۔ میڈیا کی ٹیم صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے موقع پر پہنچی تو ٹھیکیدار اور اس کے کارندوں نے میڈیا ٹیم سے کیمرہ چھین لیا اور شدید جھگڑا کیا۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے غنڈہ گردی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔