لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے اقوام متحدہ کے چارٹر سمیت تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے حالیہ ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بیان دینے کے بجائے ڈرون حملے روکنے کے لیے اقدامات کرے۔
عمران خان نے حکومت سے ڈرون حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے نام سامنے لانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ چیرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت ڈرون حملے روکنے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہی۔ انھوں نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کے اپریل 2013 کے فیصلے میں بھی ڈرون حملوں کو پاکستان کی خودمختاری کے خلاف قرار دیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پشاور ہائیکورٹ نے امریکہ اور سی آئی اے کو عورتوں ، نابالغ اور نومولود بچوں سمیت ہزاروں افراد کا قاتل قرار دیا ہے۔ انھوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو من و عن نافذ کرے۔ چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ فاٹا کے معصوم عوام کی جانوں کی حفاظت کے لیے حکومت کی معاونت کے لیے تیار ہیں۔