اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور بھی ختم ہو گیا لیکن قرض کے معاملات طے نہیں پا سکے۔ آئی ایم ایف مشن برائے پاکستان کے سربراہ جیفری فرینک کہتے ہیں مذاکرات مکمل ہوئے تو اعلامیہ بھی جاری کردیا جائے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور آئی ایم ایف کے مشن برائے پاکستان کے سربراہ جیفری فرینک نے اپنے اپنے وفود کے ساتھ اسلام آباد میں مذاکرات کا تیسرا دور کیا۔
بعد میں ذرائع سے بات کرتے ہوئے جیفری فرینک کا کہنا تھاکہ مذاکرات ابھی مکمل نہیں ہوئے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ معاملات آج طے پا جائیں گے۔ پاکستان آئی ایم ایف سے 5 ارب ڈالر سے زیادہ کا نیا قرض پروگرام لینا چاہتا ہے تاہم اس کے لیے آئی ایم ایف نے بجلی مہنگے کرنے اور ٹیکسوں میں اضافے سمیت کئی شرائط عائد کر رکھی ہیں۔ پاکستان ان شرائط میں نرمی کے لیے آئی ایم ایف سے مذاکرات کر رہا ہے۔