سندھ (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ میں حج کوٹے میں ٹور آپریٹرز کے کوٹے میں کٹوتی کے خلاف درخواست پر وفاقی وزارت مذہبی امور نے جواب جمع کرا دیا۔ وفاق کا کہنا ہے کہ کوٹے میں کمی کے باوجود ابھی گنجائش ہے، درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں 20 جولائی تک توسیع کردی۔
جسٹس منیب اختر کی عدالت میں اسلامہ حج گروپ کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ حج درخواستوں میں بیس فیصد کٹوتی صرف ٹور آپریٹرز پر نہیں سرکاری کوٹے میں بھی کی جائے۔ وزارت مذہبی امور نے جواب میں کہا ہے کہ سعودی حکومت نے بیس فیصد کوٹے میں کمی کی ہے۔
تمام موصولہ درخواست گزاروں کو حج پر بھیجا جائے گا۔ اب بھی گنجائش باقی ہے، حج درخواستوں کی وصولی میں بیس جولائی تک توسیع کردی ہے۔ اسلام حج ٹور آپریٹر سمیت 52 افراد کی درخواست میں فریق بننے کی درخواست بھی کی ہے۔ عدالت نے سماعت 23 جولائی تک ملتوی کردی۔