لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں تیز ہواوں کے ساتھ ہلکی بارش نے کچھ دیر کے لئے گرمی کا زور توڑ دیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم جنوب مشرقی سندھ، قلات ڈویژن اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ لاہور کے بعض علاقوں میں آج صبح ہلکی بارش سے گرمی میں نرمی پڑ گئی اور لوڈ شیڈنگ کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی اور مزید بارش کا بھی امکان ہے ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران میر پور خاص، حیدرآباد، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پر بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش میر پور خاص میں 22 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ چھاچھرو اور تھرپارکر کے گردنواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران میر پور خاص، حیدرآباد، سکھر، قلات ڈویژن میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔