کراچی (جیوڈیسک) نیشنل انوسٹمنٹ ٹرسٹ نے مالی سال 2013 کے مالی نتائج کا اعلان کر دیا۔ این آئی (یو) ٹی کی مجموعی آمدنی گذشتہ سال کے مقابلے میں تقریبا ستر فیصد کم رہی۔ کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران این آئی ٹی کے نتائج کا اعلان قائم مقام مینجنگ ڈائریکٹر منظور احمد نے کیا۔ ٹرسٹ کے فلیگ شپ فنڈ (این آئی یو ٹی) کی مجموعی آمدنی مالی سال 2013 میں ایک ارب چھتیس کروڑ روپے رہی۔ گزشتہ مالی سال میں یہ آمدن چار ارب پچاس کروڑ روپے تھی۔
فنڈ کے سرمایہ کاروں نے رواں مالی سال کے دوران سترہ ارب روپے مالیت کے یونٹ کیش کرائے جس کی ادائیگی کے لئے ٹرسٹ کو چار ارب چوالیس کروڑ روپے مالیت کا کپیٹل گین بک کرنا پڑا۔ واضع رہے کہ این آئی ٹی کی نگرانی میں پانچ فنڈز ہیں جن کی مالیت اکاسی ارب روپے ہے۔